وزیراعظم پاکستان کا ‘اپنا گھر سکیم’ کا اجرا، آسان قرضوں سے گھروں کی تعمیر کا اعلان

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے ’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘ کا باقاعدہ اجرا کر دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو گھر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق اس سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر دیا جائے گا، جس کی واپسی مدت 20 سال ہوگی۔ پہلے 10 سال کے لیے مارک اپ 5 فیصد جبکہ اگلے 10 سال کے لیے شرح مارکیٹ کے مطابق ہوگی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پہلے سال 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چار برسوں میں یہ تعداد بڑھا کر 5 لاکھ گھروں تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔ اس سکیم کے تحت 10 مرلے تک کے گھر تعمیر کیے جا سکیں گے اور مجموعی فنانسنگ کا حجم 3.2 کھرب روپے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی نافذ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

تقریب میں نائب وزیر اعظم او وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے سکیم کے تحت کامیاب درخواست گزاروں میں چیک بھی تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سکیم کے اجرا کے لیے نجی شعبے اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے مختلف چیلنجز پر قابو پایا گیا۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان ڈرائیور غلام حسین بھی اس سکیم کے ذریعے اپنا گھر بنانے کے قابل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر ماہ اس سکیم کا جائزہ لیں گے تاکہ کسی بھی رکاوٹ کو بروقت دور کیا جا سکے اور ادائیگیوں کا نظام شفاف رہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زیادہ قرض فراہم کرنے والے بینکوں کو 14 اگست کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا جبکہ کارکردگی نہ دکھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بجٹ میں بھی عوامی فلاح کے مزید منصوبے شامل کیے جائیں گے اور معیشت کی بہتری کے لیے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں