پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ جہاز شکن بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ، آئی ایس پی آر

پاکستان کی بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ جہاز شکن بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جس کے ذریعے طویل فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تجربہ اعلیٰ سطح کی تیاری اور درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی بحریہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ جہاز سے فائر کیے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا عملی مظاہرہ کیا، جس نے تیز رفتاری کے ساتھ طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت ممتاز سائنس دانوں اور انجینئرز نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس میزائل میں جدید رہنمائی نظام شامل ہے، جس کے باعث یہ خطرات سے بچنے، بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس کامیاب تجربے سے ٹیکنالوجی اور عملی مہارت کے امتزاج کا ثبوت ملتا ہے، جبکہ یہ اقدام روایتی دفاعی دائرہ کار میں سمندری سطح پر مؤثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے اور خطے میں بحری سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔

بیان کے مطابق، صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس نے اس کامیابی پر متعلقہ یونٹس اور سائنس دانوں کو مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں