اسلام آباد میں وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اسرائیل کے حملوں، خاص طور پر گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا موقف رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے 1900 سے زائد جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو بتایا کہ وہ خود، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امریکہ، خلیجی ممالک اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے خطے میں کشیدگی ختم کرنے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا اور ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات پر اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا اور اس میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔