وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بدھ کو سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی، جس کے جواب میں سعودی ولی عہد نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے موجودہ کشیدہ صورتحال میں تحمل کا مظاہرہ کرنے پر سعودی قیادت کو سراہا اور فوری طور پر جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مسلم دنیا میں اتحاد اور ہم آہنگی کو بھی اہم قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہے۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔