بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا اور اداکار وجے دیوراکونڈا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

بھارت کی معروف فلمی اداکارہ رشمیکا مندانا نے سوشل میڈیا پلیٹ انسٹا گرام پر دلہن کے جوڑےمیں تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی سے متعلق ایک جذباتی پیغام میں مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اپنے شوہر کا تعارف کراتے ہوئے لکھا کہ میرے پیاروں، ہیلو!اب میں آپ کو اپنے ‘شوہر’ سے متعارف کرا رہی ہوں!مسٹر وجے دیوراکونڈا!!

رشمیکا مندانا نے اپنے شوہر وجے دیوراکونڈا کے بارے میں محبت بھرے الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے انہیں سچی محبت کا احساس دلایا اور زندگی میں سکون کا مطلب سمجھایا۔ انہوں نے لکھا کہ وجے نے ہمیشہ انہیں بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب دی اور یقین دلایا کہ وہ اپنی سوچ سے بھی بڑھ کر کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر نے کبھی انہیں اپنی مرضی سے جینے، کھل کر رقص کرنے یا دوستوں کے ساتھ سفر کرنے سے نہیں روکا، بلکہ ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔ رشمیکا نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کی شخصیت پر ایک کتاب بھی لکھ سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج وہ جو بھی ہیں اور جیسی بھی بننا چاہتی تھیں، اس میں وجے دیوراکونڈا کا اہم کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی کی تمام کامیابیاں، جدوجہد، خوشیاں اور غم اب زیادہ بامعنی محسوس ہوتے ہیں کیونکہ ان کے شوہر ہر لمحے ان کے ساتھ رہے اور ان سب کا حصہ بنے۔

رشمیکا مندانا نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ وجے کی بیوی بننے پر بے حد پرجوش ہیں اور اب زندگی کا ایک نیا اور خوشیوں بھرا سفر شروع ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے پیغام کے اختتام پر اپنے شوہر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ساتھ بہترین زندگی گزارنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں