شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس – 8 معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے درمیان آٹھ اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس میں تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ سے متعلق ایک اہم دستاویز پر بھی دستخط ہوئے۔

رکن ممالک نے دہشت گردی کے خلاف علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی سے متعلق ایک اور معاہدے پر دستخط کیے، اور نئے اقتصادی مکالمے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ بعد ازاں، اجلاس میں سربراہان نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ کی دستاویز پر دستخط کیے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی صدارت روس کے سپرد کر دی گئی، جبکہ اگلا اجلاس 2025 میں روس کی میزبانی میں منعقد ہو گا۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد دی اور اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم و ستم ایک المیہ ہے، اور عالمی برادری کو اسے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں