چینی وزیرِاعظم لی چیانگ کی چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان،چئیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی جنگ کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوا۔ چینی وزیرِ اعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
دوسری جانب چینی وزیرِ اعظم نے پاکستان کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کی۔ چینی وزیرِ اعظم نےصدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
لی چیانگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ مل گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ چینی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عکاس ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے سی پیک کو پاکستان کے لیے تحفہ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ چینی وزیرِ اعظم گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے، ائیر پورٹ پر وزیرِ اعظم پاکستان اور وفاقی وزرا کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اور اُنہیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے چینی وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔