تھائی لینڈ میں کرین گرنے کے ایک اور واقعے سے دو افراد ہلاک

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے قریب ایک سڑک پر کرین گرنے سے دو گاڑیاں دب گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ ایک روز قبل شمال مشرقی صوبے ناخون راتچاسیما میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد سامنے آیا، جہاں کرین گرنے سے مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی تھی اور 32 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تھائی لینڈ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق دونوں حادثات میں ملوث تعمیراتی کمپنی اٹالین تھائی ڈیولپمنٹ تھی۔ وزیراعظم انوتن چارنویراکل نے اعلان کیا ہے کہ حکومت متاثرہ منصوبوں سے متعلق کمپنی کے دو معاہدے منسوخ کر رہی ہے اور قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ذمہ دار کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے اور قانون کے مطابق مکمل کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ حکومت نے کمپنی کے زیرِ تعمیر درجن بھر سرکاری منصوبوں کو عارضی طور پر روک کر ان کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں حادثات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متاثرین کو معاوضہ دینے اور حفاظتی اقدامات مزید سخت بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جمعرات کو پیش آنے والا تازہ حادثہ صوبہ سامت ساکھون میں ایک بلند شاہراہ کی تعمیر کے دوران پیش آیا، جہاں کرین سڑک پر گر کر دو گاڑیوں پر آ گری۔ پولیس کے مطابق حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والے ٹرین حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس حادثے میں 195 مسافروں میں سے 66 زخمی ہوئے تھے۔ یہ ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبہ مستقبل میں لاؤس کے راستے چین سے منسلک کیا جائے گا، جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔

تھائی لینڈ میں حالیہ برسوں کے دوران تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی غفلت کے باعث کئی سنگین حادثات پیش آ چکے ہیں، جس پر حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں