تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ہونے والے مس یونیورس 2025 کے شاندار مقابلے میں میکسیکو کی حسیناہ فاطمہ بوش نے اس سال کا عالمی حسن کا تاج جیت لیا۔ اس مقابلے میں دنیا کے 120 ممالک کی نمائندہ خواتین نے حصہ لیا اور اس بار کا ایونٹ کئی حیران کن واقعات کے باعث غیر معمولی رہا۔
تقریب کے دوران ایک موقع پر فاطمہ بوش سے چند بار غلطیاں ہوئیں جن پر تھائی لینڈ کے ایونٹ آرگنائزر اور ڈائریکٹر کی جانب سے ان کی براہِ راست سرزنش کی گئی۔ یہ صورتحال اس قدر ناخوشگوار بن گئی کہ فاطمہ جذباتی ہوکر اسٹیج سے واک آؤٹ کر گئیں۔ ان کے اس فیصلے نے نہ صرف وہاں موجود ناظرین کو حیران کیا بلکہ مقابلے میں شریک متعدد حسیناؤں نے بھی احتجاجاً اسٹیج چھوڑ دیا۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے نے فوری طور پر توجہ حاصل کرلی اور فاطمہ بوش کو مداحوں کی جانب سے بھرپور حمایت ملنے لگی۔
ڈرامائی لمحات اس وقت مزید بڑھ گئے جب کچھ دیر بعد حسینہ عالم کا اعلان کیا گیا اور فاتح کے طور پر فاطمہ بوش کا نام سامنے آیا۔ اعلان سنتے ہی خود فاطمہ بھی چند لمحوں تک سکتے میں رہ گئیں کیونکہ وہ اس نتیجے کی توقع نہیں کر رہی تھیں۔ بعدازاں وہ واپس اسٹیج پر آئیں جہاں ان کو گزشتہ سال کی ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی وکٹوریا کیئر تھیلوِگ نے تاج پہنایا۔
فاطمہ بوش کی کامیابی کو صرف ان کی خوبصورتی کا اعزاز نہیں کہا جاسکتا، بلکہ وہ انسانیت دوست سرگرمیوں، سماجی کاموں اور رضاکارانہ منصوبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لائیو میٹنگ کے دوران ان پر کی گئی تنقید کے بعد عوام نے ان کی بھرپور حمایت کی اور وہ مقابلے کی اہم امیدوار کے طور پر سامنے آئیں