یوٹیوب نے اپنے میوزک پلیٹ فارم پر ایک نہایت اہم اور طویل عرصے سے مطلوب فیچر شامل کر دیا ہے، جو اس وقت صرف آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر جلد دیگر ڈیوائسز پر بھی متعارف کروایا جائے گا۔
یوٹیوب میوزک استعمال کرنے والے صارفین اکثر شکایت کرتے تھے کہ پلے لسٹس میں سرچ کا آپشن نہ ہونے کی وجہ سے کسی گانے کو تلاش کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اب یوٹیوب نے یہ مسئلہ حل کرتے ہوئے پلے لسٹس میں سرچ کی سہولت شامل کر دی ہے، جسے صارفین برسوں سے مانگ رہے تھے۔
یہ نیا فیچر اس وقت سامنے آیا جب ایک آئی او ایس صارف نے یوٹیوب میوزک کے ورژن 8.45.3 میں اوور فلو مینیو کھولتے ہوئے ’Find a Playlist‘ کا نیا آپشن دیکھا۔ اس فیچر کی مدد سے اب صارفین اپنی پلے لسٹ میں کسی بھی گانے کو فوری طور پر تلاش کر سکیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈ اِٹ پر بھی اس اپ ڈیٹ کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ہر ملک میں دستیاب نہیں ہوا، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو ابھی اس کے ٹیسٹ ورژن تک بھی رسائی نہیں مل سکی۔ اس وجہ سے بہت سے صارفین اس سہولت کے جلد آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق یہ اپ ڈیٹ صارفین کے تجربے میں واضح بہتری لائے گا اور پلے لسٹس کو استعمال کرنا پہلے کی نسبت بہت زیادہ آسان بنا دے گا