بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم ‘کنگ’ کا ٹریلر جاری کردیاگیا

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔ ان کی نئی فلم “کنگ” (King) کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑا دی ہے۔ یوٹیوب پر جاری ہونے والے اس ٹیزر کو مختصر وقت میں ہی لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

یہ فلم ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری معروف فلم ساز سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔ ٹیزر کی مدت ایک منٹ گیارہ سیکنڈ ہے، جو ایکشن، سسپنس اور ڈرامہ سے بھرپور مناظر پیش کرتا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ فلم کا ٹریلر شاہ رخ خان کے پچھلے پراجیکٹس سے بالکل مختلف تاثر دیتا ہے۔

فلم “کنگ” کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی پہلی مرتبہ بڑے پردے پر جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ سہانا خان کے ڈیبیو نے فلم کے حوالے سے مداحوں کی توقعات مزید بڑھا دی ہیں۔ بالی ووڈ انڈسٹری میں شاہ رخ خان کے بعد ان کی بیٹی کے آنے کو “خان فیملی کی نئی نسل” کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس فلم کو مارولکس پکچرز کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے، اور ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان نے اس پراجیکٹ میں تقریباً دو بلین روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ فلم میں جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی لوکیشنز، اور اعلیٰ درجے کے ویژول ایفیکٹس کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے یہ فلم بالی ووڈ کے بڑے بجٹ پراجیکٹس میں شمار کی جا رہی ہے۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند، جو پہلے بھی “پٹھان” اور “وار” جیسی سپر ہٹ فلمیں دے چکے ہیں، کا کہنا ہے کہ “کنگ” شاہ رخ خان کے کیریئر کا ایک نیا باب ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق فلم میں ایکشن کے ساتھ ساتھ جذباتی کہانی بھی پیش کی گئی ہے جو والد اور بیٹی کے تعلق کو اجاگر کرے گی۔

فلم 2026 میں ریلیز کی جائے گی، تاہم ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔ شاہ رخ خان کی یہ فلم تقریباً دو سال بعد ان کی بڑے پردے پر واپسی ہے، کیونکہ ان کی آخری فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی 2023 میں ریلیز ہوئیں تھیں اور باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔

سوشل میڈیا پر فلم کے ٹریلر کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ مداحوں نے شاہ رخ خان کی اس نئی پیشکش کو “کنگ از بیک” کے نعرے کے ساتھ ٹرینڈ بنادیا ہے، جبکہ سہانا خان کے ڈیبیو کو بھی فلمی دنیا کا بڑا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں