ممبئی میں سیف علی خان پر جان لیوا حملہ، اداکار کا حیران کن انکشاف
معروف بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے ممبئی والے گھر میں حملہ آور کی جانب سے گھس کر چھری سے وار کیا گیا۔
بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے رواں سال کے آغاز میں ان کے ممبئی والے گھر میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، جب ایک حملہ آور اچانک ان کے گھر گھس آیا اور چھری سے حملہ کیا۔ یہ واقعہ 16 جنوری کی رات پیش آیا، اس وقت ان کے بیٹے تیمور اور جہ بھی گھر پر موجود تھے۔
سیف علی خان نے انٹرویو میں بتایا کہ حملے کے دوران ان کی ریڑھ کی ہڈی پر گہرا زخم آیا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے حملہ آور کا مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لمحے وقت جیسے تھم گیا تھا اور انہیں محسوس ہوا کہ زندگی اور موت کے درمیان بس ایک قدم کا فاصلہ رہ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتنے قریب سے بچ نکلنا کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔ انسان سوچتا ہے کہ زندگی میں کتنا کچھ ملا ہے، پیسے سے زیادہ قیمتی وہ لمحے ہیں جو اپنے چاہنے والوں، بیوی اور بچوں کے ساتھ گزارے ہیں۔
اداکار اس وقت صحت یاب ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنی آنے والی فلمی منصوبوں کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ان کی زندگی کا ایک ایسا تجربہ ہے جس نے انہیں شکرگزاری اور زندگی کی اہمیت کا نیا سبق سکھایا۔