اتوار کے روز اسلام آباد کے سینٹورس مال میں ازبکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خوارزم سے بلائے گئے فنکاروں نے روایتی رقص اور گانے پیش کیے۔
تقریب کے دوران حب الوطنی کے مظاہرے عوام کے لیے فوری توجہ کا مرکز بن گئے۔ لوگوں کو ازبکستان کے نیلے، سفید اور سبز رنگ کے پرچم لہراتے دیکھا گیا، جو کہ ازبک سفارتخانے کی جانب سے ثقافتی رابطہ کاری کو وسیع تر سماج تک پہنچانے کی کوشش تھی۔

ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے کہا کہ یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ازبکستان اور پاکستان کی دوستی کی علامت ہے۔

رقاصوں نے ازبک روایتی اور جوشیلے دھنوں پر رقص کر کے اپنے ورثے کی خوبصورتی اجاگر کی۔ تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف کے علاوہ ازبک ڈایاسپورا کے نمائندے، طلبا اور اسلام آباد کے شہری بھی شریک ہوئے۔
