ازبکستان سرخان دریائے ریجن میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ پہاڑی تفریحی مقامات، آبی ذخائر اور دریاؤں و جھیلوں کے کناروں پر ایسی سہولیات قائم کی جا رہی ہیں جو ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر سیاحت کو فروغ دیں گی۔
قُمکورگان ضلع کے ساؤتھ سرخان ریزروائر پر جدید ایکو ٹورزم کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 15.7 ہیکٹر رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ 140 ارب ازبک سوم کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ منصوبے کے تحت علاقے میں سبزہ زار بنائے جائیں گے، سڑکیں اور دیگر سہولیات تعمیر ہوں گی، جبکہ فضلہ صاف کرنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم بھی لگایا جائے گا۔
اس کمپلیکس میں کاٹیجز، سوئمنگ پولز، پارکنگ ایریا، دکانیں، ریستوران اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔ بچوں اور بڑوں کے لیے کھیلوں کے میدان، پیدل چلنے کے راستے اور مچھلی پکڑنے کے مقامات بھی شامل ہوں گے۔
مقامی حکام کے مطابق تعمیراتی اور تزئینی کام مرحلہ وار اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ سرخان ریزروائر 58 سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا، جو سطحِ سمندر سے 408 میٹر بلندی پر واقع ہے۔ اس کا آبی رقبہ 65 مربع کلومیٹر اور ذخیرہ کرنے کی گنجائش 800 ملین مکعب میٹر ہے۔