کھلے مسام ایسے ہی ہیں جیسے گھر کی کھڑکیاں، کھلی رہیں تو ہر قسم کی گرد و غبار دھواں اور مكهی مچھر جیسے ناپسندیدہ مہمان اندر آ جاتے ہیں۔ فرق بس یہ ہے کہ کھڑکیاں بند کرنا آسان ہے، مگر مسام بند کرنے کے لیے آپ کو تھوڑی محنت کرنی پڑتی ہے۔
آج کے دور میں خوبصورت اور صحت مند جلد کی خواہش صرف خواتین تک محدود نہیں رہی۔ مرد بھی اب اتنے ہی اسکن کانشس ہو گئے ہیں جتنی خواتین، بلکہ بعض تو چہرے کے معاملے میں گھر کی خواتین کو بھی ٹف ٹائم دیتے ہیں۔ آخرکار، صاف اور تروتازہ جلد سب کو اعتماد دیتی ہے، چاہے آپ آفس کی میں ہوں یا شادی میں۔
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ مسام بند کرنے کا حل مہنگی کریمیں یا پارلر کے لمبے بل ہیں، تو ذرا رُکیے… ہم آپ کو بتانے والے ہیں 100% قدرتی، تازہ اور گھر میں بنائے گئے وہ ٹوٹکے جو نہ صرف آپ کے مسام چھوٹے کریں گے بلکہ آپ کی جلد کو ٹائٹ، تروتازہ اور خوش رنگ بنا دیں گے۔
یہ نسخے اتنے آسان ہیں کہ آپ انہیں اپنی کچن میں ہی تیار کر سکتے ہیں — اور ہاں ان کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں، سوائے اس کے کہ لوگ آپ كو روک روک کر پوچھیں گے، "یہ گلو کیسے آیا؟”
کھلے مسام کیا ہیں؟
کھلے مسام دراصل جلد میں موجود گڑھے یا چھوٹے سوراخ ہیں۔ یہ اگر زیادہ بڑے ہو جائیں تو دیکھنے میں بھی برے لگتے ہیں اور جلد کے کئی مسائل کا بھی سبب بنتے ہیں ۔ کھلے مسام چہرے کو بے رونق اور کھردرا بنا دیتے ہیں۔ ان میں میل، گرد اور تیل بھر جاتا ہے جو بعد میں بلیک ہیڈز، وائٹ ہیڈز، کیل اور مہاسوں میں بدل جاتا ہے۔
زیادہ تر یہ مسئلہ چکنی اور کمبی نیشن جلد میں ہوتا ہے کیونکہ اس میں قدرتی تیل زیادہ پیدا ہوتا ہے۔
کھلے مسام کی وجوہات
وراثت: سب سے بڑی وجہ جینیاتی ہوتی ہے۔
سورج کی روشنی: یووی شعاعیں جلد کے کولیجن کو نقصان پہنچا کر لچک کم کر دیتی ہیں۔
عمر: عمر بڑھنے کے ساتھ ہارمونز میں تبدیلی آتی ہے، کولیجن کم ہوتا ہے اور جلد کھنچ کر مسام کھل جاتے ہیں۔
زیادہ تیل پیدا ہونا: چکنی جلد میں تیل زیادہ بننے سے مسام کھل جاتے ہیں۔
صفائی کی کمی: چہرہ باقاعدگی سے نہ دھونا۔
ہارمونی تبدیلیاں: ہارمونی بگاڑ سے تیل کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔
تمباکو نوشی: سگریٹ کے کیمیکل جلد پر مضر اثرات چھوڑتے ہیں۔
غیر متوازن خوراک: زیادہ تلی اور چکنی چیزیں کھانے سے سیبم پیدا ہوتا ہے جو مسام کھول دیتا ہے۔
قبض : جن لوگوں كو قبض کی شکایت رہتی ہے ان کی جلد پر دیگر مسائل کے ساتھ مسام كهل جانے کا مسلہ لازما ہوتا ہے ۔
چلیں پھر تیار ہو جائیں ان كو مساموں كو چھوٹا کر کے بہترین جلد پانے کی کوشش کریں ۔ طریقہ ہم بتاتے ہیں ۔
کھلے مسام بند کرنے کے گھریلو آرگینک ٹوٹکے
1. ایلوویرا
ایلوویرا جلد کو ٹائٹ کرنے، نمی فراہم کرنے اور مسام چھوٹے کرنے کے لیے بہترین ہے۔
طریقہ:
ایلوویرا کا پتہ کاٹ کر اس کا جیل نکالیں۔
چہرے پر ایک منٹ ہلکے ہاتھ سے رگڑیں۔
10-15 منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
2. انڈے کی سفیدی
جلد کو ٹائٹ اور ون ٹون کرنے کے لیے زبردست نسخہ۔
طریقہ:
ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چمچ شہد ایک چمچ لیموں کا رس ڈال کر پیسٹ بنائیں۔
چہرے پر لگائیں، 30 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
3. ایپل سائیڈر ونیگر
یہ قدرتی ٹونر ہے، مسام سکڑتا ہے اور جلد کا پی ایچ بیلنس درست رکھتا ہے۔
طریقہ:
ایک چمچ ونیگر اور ایک چمچ پانی مکس کریں۔
روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔
خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
4. زیتون کا تیل
اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات رکھتا ہے، جلد کو نرم اور صحت مند رکھتا ہے۔
طریقہ:
چند قطرے زیتون کا تیل چہرے پر مساج کریں۔
چند منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
5. دہی
جلد کو صاف ، نرم کرتا ہے اور مسام بند کرتا ہے۔
طریقہ:
دو چمچ سادہ دہی اچھی طرح پھینٹ کر چہرے پر لگائیں۔
20 منٹ بعد تازہ پانی سے دھو لیں۔
6. ٹماٹر
چکنی جلد کے لیے بہترین، تیل بیلنس کرتا ہے اور مسام بند کرتا ہے۔
طریقہ:
ٹماٹر کا گودا اور ایک چمچ شہد مکس کریں۔
چہرے اور گردن پر 10 منٹ لگائیں پھر دھو لیں۔
7. ٹی ٹری آئل
مسام سکڑتا ہے اور کیل مہاسے کم کرتا ہے۔
طریقہ:
3-4 قطرے ٹی ٹری آئل ایک کپ پانی میں مکس کر کے اسپرے بوتل میں رکھ لیں۔
چہرے پر اسپرے کریں، قدرتی طور پر خشک ہونے دیں۔
8. کیلا
کیلے کے چھلکے میں موجود پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹ جلد کو ٹائٹ کرتے ہیں۔
طریقہ:
کیلے کا چھلکا چہرے پر ہلکے سے رگڑیں۔
10 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
9. کھیرا
جلد کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے، جھریاں کم کرتا ہے اور رنگت نکھارتا ہے۔
طریقہ:
4-5 کھیروں کے ٹکڑے اور 2 چمچ لیموں کا رس پیس لیں۔
15 منٹ چہرے پر لگائیں پھر دھو لیں۔
10. بیسن
جلد کی صفائی اور مسام سکڑنے کے لیے لاجواب ہے ۔
طریقہ:
ایک چمچ بیسن، ایک چائے کا چمچ ہلدی، ایک چمچ دہی اور چند قطرے زیتون کا تیل مکس کریں۔
20 منٹ لگانے کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
11. بیکنگ سوڈا
جلد سے میل کچیل دور کرتا ہے ۔ مہاسے اور مردہ خلیے دور کرنے میں مددگار ہے۔
طریقہ:
دو چمچ بیکنگ سوڈا اور دو چمچ پانی ملا کر پیسٹ بنائیں۔
30 سیکنڈ ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، پھر دھو لیں۔
12. ملتانی مٹی
زیادہ تیل ختم کرتی ہے، رنگت نکھارتی ہے اور مسام بند کرتی ہے۔
طریقہ:
دو چمچ ملتانی مٹی اور گلاب کا عرق یا دودھ مکس کریں۔
چہرے پر ہلکی تہہ لگا کر خشک ہونے دیں پھر دھو لیں۔
13. پپیتا
جلد کو نرم، روشن اور مسام سے میل نکالنے کے لیے مفید ہے ۔
طریقہ:
پپیتے کے چند ٹکڑے میش کر کے چہرے پر 20 منٹ لگائیں، پھر پانی سے دھو لیں۔
کسی بھی نسخے کو کم از کم 15 دن باقاعدگی سے استعمال کریں تاکہ بہترین نتائج حاصل ہوں۔