انوپم کھیر کی فلمیں یادیں
انوپم کھیر بھارت کے مشہور اداکار ہیں، انہوں نے کئی سو فلموں میں کام کیا، کئی ایوارڈ حاصل کئے، وہ ان اداکاروں میں سے ہیں جنہوں نے اپنی بائیوگرافی خود لکھی، مختلف فنکاروں کے انٹرویوز بھی لئے اور ان کے حوالے سے گفتگو بھی ریکارڈ کرائی۔
انوپم کھیر نے حال ہی میں بالی وڈ کے حقیقی کنگ دلیپ کمار مرحوم کے ساتھ گزارے کچھ انمول لمحوں کو یاد کیا جو واقعی دل کو چھو لینے والے ہیں اور دلیپ صاحب کے چاہنے والوں کے لیے خاصے کی چیز ہیں ۔
انوپم کھیر کہتے ہیں،” دلیپ صاحب صرف ایک بڑے اداکار نہیں تھے، وہ اپنی شخصیت، وقار اور انداز کی وجہ سے بھی فلمی دنیا کے حقیقی بادشاہ لگتے تھے۔ ایک دن صبح تقریباً 11 بجے سیٹ پر ایک سفید مرسڈیز رکی، اور اس میں سے سفید لباس میں ملبوس دلیپ کمار اُترے۔ چائے طلب کی جو چاندی کے برتنوں میں پیش کی گئی۔ پھر لنچ ہوا اس کے بعد انہوں نے تھوڑا آرام کیا اور شام سے پہلے کہا "آج کا کام ختم کریں۔ کسی میں ہمت نہیں تھی کہ انکار کرے۔ ”
انوپم کھیر نے مسکرا کر کہتے ہیں کہ ایسا لگتا تھا جیسے کوئی بادشاہ اپنے دربار میں اجلوه افروز ہو ۔
یہ کرما فلم کا ایک سین تھا ۔ اس فلم میں انوپم کھیر نے ولن ڈاکٹر ڈینگ کا کردار ادا کیا۔ فلم کے اس منظر میں جیل میں قید انوپم کھیر ڈاکٹر ڈینگ کی زور دار بحث جیلر صاحب وشوا پرتاب سنگھ یعنی دلیپ صاحب سے ہوتی ہے اور وہ اسے زور دار تهپڑ جڑ دیتے ہیں ۔
اس سین میں انوپم کھیر کی پرفارمنس لاجواب تھی ۔ کون بھول سکتا ہے یہ ڈائیلاگز : ” ڈاکٹر ڈینگ کو آج پہلی بار کسی نے تھپڑ مارا ہے ، فرسٹ ٹائم ۔۔۔۔۔ ”
انوپم کہتے ہیں کہ اس سین کے لیے میں نے درخواست کی کہ دلیپ صاحب اُنہیں اصل تھپڑ ماریں تاکہ سین حقیقی لگے۔ لیکن دلیپ صاحب نے نرمی سے سمجھایا ۔ بیٹے ! پٹھان کا ہاتھ ہے بے ہوش ہو جاؤ گے۔
یہ سن کر سیٹ پر سب مسکرا دیے۔ یہ سین بغیر اصل تھپڑ کے ہوا لیکن دلیپ صاحب نے بعد میں سب کے سامنے برملا کہا کہ یہ لڑکا خطرناک اداکار ہے ۔ بہت آگے جائے گا۔
انوپم کھیر کا ماننا ہے کہ یہ ان کے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ تھا۔ ایک اور ٹی وی پروگرام میں انوپم کھیر نے بتایا تھا کہ مجھے کرما فلم کے پریمئیر پر احساس ہوا کہ میں واقعی سٹار بن گیا ہوں ۔ جب میں دلیپ صاحب ، نصیرالدین شاہ ، جیکی شیروف ، انیل کپور اور سری دیوی کے ساتھ اسٹیج پر کھڑا تھا ۔
انوپم کھیر کو دلیپ کمار کے ساتھ چار فلموں میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔
کرما (1986)
قانون اپنا اپنا (1989)
عزت دار (1990)
سوداگر (1991)
انوپم کھیر کے مطابق دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں تھا۔
انوپم کھیر نے جو کچھ کہا، وہ حقیقت کے سوا کچھ بھی نہیں۔ دلیپ کمار صرف اداکار نہیں ، ایک عہد تھے۔ انوپم کھیر کی یہ باتیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ عظمت صرف اداکاری میں نہیں، رویے اور اخلاق میں بھی ہوتی ہے۔