معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی آنے والی بھارتی پنجابی فلم ‘سردار جی 3’ کا نیا رومانوی گانا ‘سوہنی لگدی’ ریلیز کردیا گیا ہے، جسے دیکھتے ہی دیکھتے شائقین کی بھرپور پذیرائی حاصل ہو گئی ہے۔
اس گانے میں ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو حسین پہاڑی مناظر میں رومانوی انداز میں پیش کیا گیا ہے، اور ان کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
گانے کے بول ظفر سندھو نے تحریر کیے ہیں، جبکہ موسیقی کا اہتمام مکس سنگھ نے کیا ہے۔ سوہنی لگدی کو خود دلجیت دوسانجھ نے اپنی آواز میں گایا ہے، جس میں ہانیہ عامر ساڑھی اور دلجیت روایتی پنجابی لباس میں نظر آتے ہیں۔
گانے کی ویڈیو 23 جون کو ریلیز کی گئی، جس نے سوشل میڈیا پر فوری توجہ حاصل کی اور دونوں فنکاروں کے چاہنے والوں کو نہ صرف گانے، بلکہ ان کی اسکرین کیمسٹری نے بھی بے حد متاثر کیا۔
یاد رہے کہ، 2روز قبل فلم سردار جی تھری کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں ہانیہ عامر کی موجودگی نے ان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ ٹریلر میں ہانیہ کو مرکزی کردار میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ رومانس کرتے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر کی ریلیز کے بعد فلم کی ٹیم نے اعلان کیا کہ، سردار جی 3 کو بھارت سمیت دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔ تاہم حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث ممکنہ طور پر فلم کی بھارت میں ریلیز نہیں ہو پائے گی، کیونکہ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ہانیہ عامر کی طرف سے فلم میں کام کرنے کی باضابطہ تصدیق پہلے نہیں کی گئی تھی، لیکن انہوں نے ٹریلر شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ، فلم عالمی سطح پر 27 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس سے ان کے شائقین کی توقعات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔