پنجابی فلم ‘سردار جی 3’ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد شائقین کو اس وقت خوشگوار حیرت ہوئی جب انہوں نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو فلم میں نمایاں کردار میں دیکھا۔
دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ہانیہ عامر اور ناصر چنیوٹی جیسے نامور فنکاروں پر مشتمل اس فلم کا ٹریلر یوٹیوب پر وائٹ ہل میوزک کے چینل سے جاری کیا گیا ہے۔
فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے اور اس میں مزاح، رومان اور ایکشن کا امتزاج پیش کیا گیا ہے۔
ٹریلر میں ہانیہ عامر کی جھلکیاں دیکھ کر مداحوں کو نہ صرف حیرت ہوئی، بلکہ خوشی بھی ملی، کیونکہ کچھ عرصہ قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ، انہیں فلم سے نکال دیا گیا ہے اور ان کے مناظر دوبارہ شوٹ کیے گئے ہیں۔ تاہم، جاری کردہ ٹریلر نے ان افواہوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین ہانیہ کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھاکہ،وہ سب کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ، ہانیہ کو نکال دیا گیا؟ جب کہ دوسرے نے تبصرہ کیا،میرے ہمسفر سے لے کر پنجابی سنیما تک، ہانیہ نے کمال کیا ہے۔
فلم 27 جون کو برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک میں ریلیز کی جائے گی، تاہم بعض رپورٹس کے مطابق، بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر نئی پابندیوں کے سبب یہ فلم وہاں ریلیز نہیں کی جا رہی۔
واضح رہے کہ، پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے پر غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے، اس کے باوجود ہانیہ عامر کا بین الاقوامی سطح پر کسی بھارتی فلم میں جلوہ گر ہونا پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کا عالمی اعتراف ہے۔