پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نےاسلام آباد میں سینیٹر اور سابق نگران وزیراعظم پاکستان انور الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، تحقیق، تجزیاتی مطالعہ اور علمی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تحقیقی اداروں کے درمیان براہ راست روابط کے قیام پر بھی زور دیا گیا۔
سینیٹرانوار الحق کاکڑ نے صدر شوکت مرزا یوف سے اپنی سابقہ ملاقاتوں کا پُرجوش انداز میں تذکرہ کرتے ہوئے ان کے وژن، تدبر اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں خصوصی طور پر ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر بات چیت کی گئی، جسے وسطی اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے والا ایک اہم اسٹریٹجک منصوبہ قرار دیا گیا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف علاقائی رابطوں کو مضبوط کرے گی بلکہ مشترکہ خوشحالی اور ترقی کے دروازے بھی کھولے گی۔

سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے عید قربان کے بابرکت موقع پر ازبک قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور ازبکستان کی دوستی وقت کے ساتھ مزید گہری ہو رہی ہے اور یہ تعلق باہمی اعتماد، تعاون اور ایک مستحکم و مربوط خطے کے مشترکہ خواب پر مبنی ہے۔