رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) اور ان کے اسٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی نے بالآخر اپنے طویل انتظار کے بعد پہلا انڈین پریمیئر لیگ (IPL) کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ منگل کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بنگلور نے پنجاب کنگز کو چھ رنز سے شکست دے کر یہ تاریخی فتح حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلور 2009، 2011 اور 2016 میں فائنل میں پہنچ کر بھی ٹائٹل نہیں جیت سکا تھا، لیکن اس بار کرونل پانڈیا کی شاندار گیند بازی کی بدولت وہ فاتح رہے۔
وراٹ کوہلی، جو 2008 میں آئی پی ایل کے افتتاحی ایڈیشن سے ہی بنگلور سے وابستہ ہیں، فتح کے بعد جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت جتنی ٹیم کے لیے ہے اتنی ہی مداحوں کے لیے بھی ہے۔ میں نے اپنی جوانی، اپنا بہترین وقت، سب کچھ اس ٹیم کو دیا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ دن آئے گا۔
بنگلور کے لیے وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 43 رنز 35 گیندوں پر بنائے، جس کی بدولت ٹیم نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 190 رنز کا ہدف دیا۔ پنجاب کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ اور کائل جیمیسن نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں، پنجاب کنگز نے اچھی شروعات کے بعد اپنی رفتار کھو دی اور ششانک سنگھ کی نصف سنچری کے باوجود، وہ ہدف سے دور رہ گئے اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 184 رنز بنا سکے۔