رائل چیلنجرز بنگلور کی جیت کاجشن، بھگدڑ مچنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک

دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی چیمپیئن بننے والی ویراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گئی۔ بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ لوگ رائل چیلنجرز بنگلور کی 18 سال بعد پہلی آئی پی ایل ٹرافی جیتنے پر جشن منانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ بدھ کے روز لاکھوں افراد، جن میں نوجوان، خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے، ٹیم کے استقبال کے لیے سڑکوں پر نکلے۔

بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی کہ، چناسوامی اسٹیڈیم کے گیٹ پر بھگدڑ کے نتیجے میں تقریبا10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ان کے مطابق، واقعے کے وقت اسٹیڈیم کے دروازے بند تھے، لیکن ہجوم نے ایک چھوٹے دروازے سے اندر گھسنے کی کوشش کی، جس کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ، پولیس اہلکار بے قابو ہجوم پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کر رہے ہیں۔ حالات قابو سے باہر ہونے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ، ڈی کے شیوکمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ، یہ لوگ آر سی بی کی تاریخی جیت کا جشن منانے آئے تھے، مگر افسوس کہ یہ جشن ایک دلخراش حادثے میں بدل گیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، جیت قابل فخر لمحہ ہے، لیکن یہ کسی انسانی جان سے قیمتی نہیں ہو سکتی۔

ڈی کے شیوکمار نے مزید کہا کہ، وہ فی الحال اسپتال کا دورہ نہیں کریں گے، تاکہ ڈاکٹرز زخمیوں کا علاج بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں، اور شہریوں سے اپیل کی کہ، وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کا خیال رکھیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں