سنجے لیلا بھنسالی کی شاہکارمووی “پدماوت” اپنی ساتویں سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر 6 فروری کو سینما گھروں کی زینت بننے کیلئے تیار ہے ۔
پدماوت میں دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، یہ بھارتی سینما کی شاندار اور کامیاب فلموں میں شامل ہے۔
پہلے خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلم 24 جنوری کو دوبارہ سینما گھروں کی زینت بنے گی ، تاہم تازہ ترین اعلان کے مطابق فلم 6 فروری 2025 کو بڑے پردے پر دوبارہ پیش کی جائے گی۔
فلم کے میکرز نے سوشل میڈیا پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم دوبارہ بڑے پردے پر ریلیز ہو گی ، فلم کے میکرز نے اعلان کیا ہے کہ’’یہ شاہکار مووی اب نئی تاریخ کے ساتھ 6 فروری 2025 کو دوبارہ ریلیز ہو رہی ہے ،! بڑے پردے پر اس تاریخی داستان کو دوبارہ جئیں۔‘‘
فلم “پدماوت”کی کہانی ملک محمد جائسی کی مشہور نظم “پدماوت” پر مبنی ہے، جو رانی پدماوتی کی غیر معمولی خوبصورتی اور بے مثال عزم وحوصلے کی داستان سناتی ہے۔
فلم میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے رانی پدماوتی، رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی جبکہ شاہد کپور نے راجہ رتن سنگھ کا کردار نبھایا ہے ۔ 2018 میں ریلیز ہونے والی اس بلاک بسٹر مووی نے اپنی شاندار کہانی، بہترین سینماٹوگرافی، اور اعلیٰ پروڈکشن کے باعث شائقین کے دل جیت لیے تھے۔