اسرائیلی کمپنی کی واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش

میٹا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپ واٹس ایپ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی پیراگون سولوشنز نے واٹس ایپ کے درجنوں صارفین کے اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی ہے ۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق واٹس ایپ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق کمپنی نے ہیکنگ کی کوشش کے بعد پیراگون سولوشنز کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ’سیز اینڈ ڈیسسٹ‘ لیٹر بھی جاری کیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق اس معاملے پر تاحال پیراگون سولوشنز نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

واٹس ایپ عہدیدار کے مطابق تقریباً 90 صارفین کے اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کن افراد کے اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور وہ کہاں موجود تھے ۔ تاہم انہوں نے یہ ضرور بتایا ہے کہ ہدف بننے والوں کا تعلق سول سوسائٹی اور میڈیا سے تھا ۔

عہدیدار کے مطابق واٹس ایپ نے ڈیٹا ہیکنگ کی یہ کوشش ناکام بنا دی ہے ، تاہم تاحال یہ واضح نہیں کہ اس کارروائی میں پیرا گون کو مورد الزام کیسے ٹھہرایا گیا ہے ۔

میٹاعہدیدار کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شراکت داروں کو اس حوالے سے مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں