پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف کو گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا

پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف کو سفارت کاری، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا ہے۔

18 نومبر کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کے زیرِ اہتمام آٹھویں گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں اور دیگر اہم شخصیات کی خدمات کو سراہا گیا۔

تقریب کے منتظمین کے مطابق علی شیر تختائیف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی روابط مضبوط بنانے، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کی سفارتی کوششوں کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں اور تجارتی رابطوں میں اضافہ ہوا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی کام کیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینا ہے۔

گلوبل ایمبیسیڈر ایوارڈز کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا۔ یہ اعزاز ان سفیروں، سفارت کاروں اور شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے بین الاقوامی تعلقات، امن، سفارتی تعاون اور ممالک کے درمیان روابط بہتر بنانے کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔

اسلام آباد میں ہر سال منعقد ہونے والی یہ تقریب سفارتی سرگرمیوں کا اہم حصہ بن چکی ہے، جس کا مقصد مختلف ممالک کے نمائندوں کی خدمات کا اعتراف اور بین الاقوامی تعاون و باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں