ازبکستان میں بخارا آئل ریفائنری کی پیداوار دگنی سے زیادہ کرنے کا منصوبہ، 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف نے بخارا آئل ریفائنری کو جدید بنانے اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں 1.8 ارب ڈالر کے مجوزہ توسیعی منصوبے اور 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی لاگت سے اعلیٰ معیار کے پیٹرول کی پیداوار شروع کرنے کے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ توسیعی منصوبے کے تحت ریفائنری کی سالانہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 21 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 46 لاکھ ٹن کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

بخارا آئل ریفائنری 1997 سے کام کر رہی ہے اور اس میں 3 ہزار 200 سے زائد افراد ملازمت کرتے ہیں۔ ریفائنری سالانہ 25 لاکھ ٹن خام تیل اور گیس کنڈینسیٹ پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران یہاں 15 لاکھ ٹن سے زیادہ خام مال پراسیس کیا گیا اور تقریباً اتنی ہی مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات تیار کی گئیں، جبکہ خالص منافع 22 کھرب ازبک سوم رہا۔

صدر مرزیایوف کو بتایا گیا کہ 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے منصوبے کے تحت یورو 5 معیار کے مطابق AI-92 اور AI-95 پیٹرول کی پیداوار شروع کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے موجودہ مشینری کو جدید بنایا جائے گا اور نئی پیداواری لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ 11 لاکھ ٹن اعلیٰ معیار کا پیٹرول تیار کیا جا سکے گا، جبکہ درآمدی فیول ایڈیٹیوز پر اخراجات کم ہونے سے سالانہ 15 کروڑ ڈالر تک بچت اور 200 نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے کو 2029 کی دوسری سہ ماہی میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ریفائنری کی مجموعی توسیع کے لیے مجوزہ 1.8 ارب ڈالر کے منصوبے کے تحت جدید آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ 27 لاکھ ٹن پیٹرول، 12 لاکھ 40 ہزار ٹن ڈیزل اور 5 لاکھ ٹن ہوابازی کا ایندھن تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے علاوہ بینزین اور دیگر پیٹروکیمیکل مصنوعات کی تیاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

توسیعی منصوبے میں چین، فرانس، امریکا اور آذربائیجان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ تعمیراتی کام 2028 میں شروع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بریفنگ کے دوران صدر شوکت مرزیایوف نے منصوبوں کی معاشی افادیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پیداواری صلاحیت سے مکمل فائدہ اٹھانے اور عالمی معیار کی پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بڑھانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں