ورلڈ بینک کی ازبکستان میں روزگار کے مواقع اور کاروبار کی ترقی کے لیے 100 ملین ڈالر قرض پروگرام کی منظوری

عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ازبکستان میں ‘روزگار کے مواقع اور کاروباری ترقی کے لیے مالیاتی رسائی’ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے 100 ملین امریکی ڈالر کے قرض اور 50 لاکھ امریکی ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔

اس منصوبے کا مقصد مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کو قرضوں اور نجی سرمایہ کاری تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔ ازبکستان میں ایم ایس ایم ایز ملک کے مجموعی کاروباری اداروں کا 90 فیصد سے زائد حصہ رکھتے ہیں، 75 فیصد روزگار فراہم کرتے ہیں اور تقریبا55 فیصد جی ڈی پی میں حصہ ڈالتے ہیں۔ تاہم، قرضوں کی مجموعی مقدار میں اضافے کے باوجود، ان اداروں کو سرمایہ تک محدود رسائی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے کاروباری ترقی اور روزگار کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، ایک تہائی سے زائد ایم ایس ایم ایز کے پاس بینک اکاؤنٹس موجود نہیں ہیں جبکہ ان کی 30 فیصد سے بھی کم فروخت الیکٹرانک طریقے سے ہوتی ہے۔ صرف 10 فیصد چھوٹے اور 16 فیصد درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں تک رسائی حاصل ہے۔ ایم ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی مجموعی طلب کا تخمینہ 13 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے، جس میں تقریبا6 ارب ڈالر کا خلا موجود ہے۔ خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری ادارے مزید مشکلات کا شکار ہیں۔ وہ رجسٹرڈ ایم ایس ایم ایز کا تقریبا ایک تہائی حصہ ہیں، مگر انہیں دستیاب قرضوں کا صرف 14 فیصد ہی مل پاتا ہے۔

اس منصوبے کے تحت وزارتِ معیشت و خزانہ کے ماتحت جوائنٹ اسٹاک کمپنی ‘انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ کمپنی’ کو معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ذیلی ادارے بینکوں، مائیکروفنانس اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر بینک گارنٹیز فراہم کریں گے اور نجی سرمایہ کاری کو متحرک بنانے میں کردار ادا کریں گے۔

وسطی ایشیا کے لیے عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر نادجی بنہاسین کے مطابق، جدید مالیاتی خدمات کے فروغ اور سرمایہ تک رسائی بڑھانے والے اداروں کو مضبوط بنانے کے ذریعے یہ منصوبہ تیزی سے ترقی کرنے والے کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا، کاروبار کو فروغ دے گا اور خواتین اور نوجوانوں سمیت بہتر اجرت والی نوکریوں کے قیام میں مدد دے گا۔

عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ 2030 تک یہ منصوبہ تقریبا7 ہزار ایم ایس ایم ایز کو قرضوں تک رسائی فراہم کرے گا، جن میں 4,500 خواتین اور نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والے کاروبار شامل ہوں گے، جس کے نتیجے میں تقریبا ایک لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاری کے ذریعے 70 تک اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے کاروباری اداروں کو معاونت اور تکنیکی مہارت کی منتقلی بھی فراہم کی جائے گی۔

انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ کمپنی کے ذیلی ادارے ایم ایس ایم ایز میں قرضوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مزید 500 ملین امریکی ڈالر کے نجی سرمائے کو متحرک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ منصوبہ یورپ اور وسطی ایشیا میں عالمی بینک کے 4 ارب ڈالر مالیت کے ایک علاقائی پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد کاروباری اداروں کی مالیاتی خدمات تک رسائی بہتر بنانا، نجی شعبے کی ترقی کو تیز کرنا اور 35 لاکھ ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔ ازبکستان اور ترکی اس پروگرام کے تحت معاونت حاصل کرنے والے خطے کے پہلے ممالک ہیں

Author

اپنا تبصرہ لکھیں