ازبک قانون ساز ایوان کے اجلاس میں ازبکستان اور کرغزستان کے درمیان مجرموں کے تبادلے سے متعلق بل منظور کر لیا گیا ۔ قانون ساز ایوان سے منظوری کے بعد بل سینٹ بھجوا دیا گیا ۔ اس سے قبل کرغزستان حکومت نے بھی اسی نوعیت کا بل منظور کیا تھا ۔
مجرموں کے تبادلے اور انہیں ان کے اپنے وطن میں سزا پوری کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے معاہدہ 18جولائی 2024 ء کو کرغزستان کے صدر سادر جاپارووف کے دورے کے دوران طے پایا تھا ۔
کرغزستان کی ڈپٹی اٹارنی جنرل امیدکان کونکوبائیوا کے مطابق، اس وقت 42 کرغیز شہری ازبکستان میں جبکہ 97 ازبک شہری کرغز جیلوں میں قید ہیں۔
رکن پارلیمنٹ قازم جان توجیوف کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان مجرموں کا تبادلہ ازبک کرغیز سرحد پر واقع دوستیلیک چیک پوائنٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ مجرموں کی منتقلی کے اخراجات، تنازعات کے حل کے طریقہ کار، فریقین کے درمیان سرکاری رابطے کی زبان اور دیگر امور کو بھی طے کرتا ہے۔ معاہدے کے تحت، اس پر عمل درآمد کیلئے ازبکستان اور کرغزستان کے پراسیکیوٹر جنرل آفسز مرکزی ادارے ہوں گے۔
ازبک اراکین پارلیمنٹ نے اس معاہدے کو مجرموں کی سماجی بحالی، ان کے اہل خانہ سے تعلق برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا ہے ۔