امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو وینزویلا اور اس کی سرحدوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بوگوٹا میں قائم امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اسے وینزویلا کے دارالحکومت کراکس اور اس کے اطراف میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ایک بار پھر امریکی شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی نوٹس میں سفارت خانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور جیسے ہی حالات اجازت دیں، فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
امریکی سفارت خانے نے واضح کیا کہ وینزویلا اس وقت لیول 4 یعنی ‘سفر نہ کریں’ کے انتباہ کے تحت ہے، جو امریکی حکومت کی جانب سے جاری کیا جانے والا سب سے سخت سفری انتباہ ہے۔
نوٹس میں امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وینزویلا کا سفر کرنے سے گریز کریں، اگر پہلے سے وہاں موجود ہیں تو محفوظ مقامات پر رہیں اور ملک سے باہر اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے رابطے کے متعدد ذرائع برقرار رکھیں۔
بیان میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ مارچ 2019 میں امریکی محکمہ خارجہ نے کراکس میں امریکی سفارت خانے سے تمام سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا اور وہاں سفارتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں