یوکرین نے ماسکو میں ایک آئل ریفائنری کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل حملے کیے ہیں۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے رات بھر مختلف علاقوں میں یوکرین کے 555 ڈرونز کو مار گرایا، جن میں تقریباً 200 ڈرون ماسکو کی جانب بڑھ رہے تھے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ کئی ڈرونز ماسکو آئل ریفائنری تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کے مطابق ایک شاپنگ سینٹر کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق یہ رواں ہفتے اس ریفائنری پر دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل منگل کو ہونے والے ڈرون حملے کے بعد ریفائنری کے آپریشنز متاثر ہوئے تھے۔ یہ ریفائنری ماسکو کے لیے ایک اہم تنصیب سمجھی جاتی ہے، جو دارالحکومت کی آبادی کو پیٹرول اور دیگر تیل مصنوعات کا بڑا حصہ فراہم کرتی ہے۔
ماسکو ریجن کے حکام کے مطابق ڈرون حملوں سے ایک بلند رہائشی عمارت، ایک صنعتی مقام اور کئی نجی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ماسکو کے مصروف ترین شیرمیٹیوو ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بھی روسی فضائی حملے کیے گئے۔ کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ دارالحکومت پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جا رہا ہے اور لوگ محفوظ مقامات پر رہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق شمال مشرقی شہر سومی میں ایک ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ رات بھر کم از کم 239 ڈرونز اور سات بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن میں سے زیادہ تر کو روک لیا گیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی امریکہ اور یورپی رہنماؤں سے جنگ کے خاتمے کے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
زیلینسکی نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور جی سیون ممالک کے دیگر رہنماؤں سے بات کی ہے تاکہ روس پر مذاکرات کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے۔
جی سیون رہنماؤں نے یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے اور روس کی جنگی معیشت پر دباؤ بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ان اقدامات میں روس کے تیل اور گیس کے شعبوں پر پابندیاں سخت کرنا بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کی جنگ ختم کرانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
زیلینسکی کے مطابق جی سیون سے یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل، ان کی تیاری کے لائسنس اور موسمِ سرما کے لیے امدادی پیکج سے متعلق اہم یقین دہانیاں ملی ہیں۔