انگلینڈ کے ساؤتھ پورٹ میں واقع ایک کئیر ہوم میں گزشتہ روز دُنیا کے معمر ترین شخص جان ٹینس ووڈ کا انتقال ہوا۔ جان ٹینس ووڈ نے 112 سال کی عمر میں وفات پائی۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق جان 26 اگست 1912 کو انگلینڈ کے شہر لیور پول میں پیدا ہوئے اور وہیں پرورش پائی ۔ اُنہوں نے 1946 میں شادی کی ، ان کی بیوی کا انتقال 1986 میں ہوا۔
زندگی کے آخری دِن خوشگوار انداز میں گزارے: خاندان
جان کے خاندان نے اُن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنی زندگی کے آخری دِن خوشگوار انداز میں گزارے۔ جان کو 100 سے 110 سال کی عمر کے دوران ہر سال ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے سالگرہ کا کارڈ موصول ہوتا تھا، جو اُن سے 14 سال چھوٹی ہیں۔ اپریل 2024 میں وینز ویلا کے 114 سالہ ویسینٹ پیریزمورا کے انتقال کے بعد جان کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے دُنیا کے معمر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔