عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کے اعزاز میں دارالحکومت مسقط کے شاہی محل قصر العلم میں سرکاری استقبالیہ دیا۔ یہ تقریب ازبک صدر کے عمان کے سرکاری دورے کے موقع پر منعقد کی گئی۔
16 نومبر کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں دونوں ممالک کے سرکاری وفود، عمان کے شاہی خاندان کے افراد، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور عمان میں تعینات غیر ملکی سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔
ازبک صدر 16 نومبر کو سرکاری دورے پر مسقط پہنچے تھے، جہاں سلطان ہیثم بن طارق آل سعید اور اعلیٰ عمانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنما شاہی محل روانہ ہوئے۔
عمان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق قصر العلم میں ازبک صدر کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ شاہی محل پہنچنے پر گھڑ سوار دستے نے ان کا استقبال کیا، جبکہ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور ازبکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔
استقبالیہ تقریب سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عمان کے سلطان نے ازبک صدر کے دورے کا خیرمقدم کیا، جبکہ صدر شوکت مرزیایوف نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
ازبک ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط، تجارت، اقتصادی تعاون، ثقافت اور عوامی سطح پر تعلقات میں پیش رفت کا ذکر کیا گیا۔ صدر شوکت مرزیایوف نے امید ظاہر کی کہ ان کا دورہ ازبکستان اور عمان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔