پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان مستقبل قریب میں ملاقات ہو سکتی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو سکتا ہے۔
نواز شریف نے یہ بات بھارتی صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہی، جو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان میں موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز بھی شریک تھیں۔ بھارتی صحافی اسمتا شرما نے بتایا کہ نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ دونوں وزرائے اعظم مستقبل کے چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلیوں پر گفتگو کریں گے۔ نواز شریف نے اپنے دورہ امرتسر اور بھارت سے جڑی یادوں کو بھی تازہ کیا۔ مریم نواز نے بھی اپنی بھارت کے دورے کی یادیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ تعلقات استوار ہوں گے۔
شرما کے مطابق، نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، اور دونوں ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر بھی تعاون کرنا چاہیے۔ یہ نواز شریف کی ایک ہفتے میں بھارتی صحافیوں سے دوسری ملاقات تھی، اس سے قبل انہوں نے لاہور میں سینئر بھارتی صحافی برکھا دت سے ملاقات کی تھی۔