وزیراعظم محمد شہباز شریف مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقدہ ترقی پذیر آٹھ ممالک (ڈی ایٹ) کے 11ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔
قاہرہ ہوائی اڈے پر عرب جمہوریہ مصر کے وزیر برائے ہوابازی ڈاکٹر سامح احمد الحنفی اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال، غزہ اور لبنان میں انسانی بحران، اور تعمیر نو کے چیلنجز پر خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے اجلاس میں شریک مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شامل تھے۔