وزیر اعظم پاکستان منگل کو اپنے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت، ریاض پہنچے جہاں نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن بن عبد العزیز نے وزیراعظم پاکستان کا کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سمیت پاکستانی و سعودی اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب
گزشتہ روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
وزیر اعظم پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، آبی ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات کرنا ہوں گے، پانی ہمارے سیارے کی لائف لائن ہے، معیشت اور فوڈ سکیورٹی کا اہم ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ، پاکستان کے لیے یہ چیلنجز نئے نہیں، ہم 2022کے سیلاب کے بعد سے اس سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی خطاب کیا ور کہا کہ، پانی کی کمی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اس کا حل عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
وزیر اعظم کی فرانسیسی صدر سے ملاقات
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان نے فرانسیسی صدر میکرون سے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹرسمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پرصدر میکرون کو مبارکباد دی اور موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کےکردار کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ، فرانس پاکستان میں قابل تجدید توانائی سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے روابط بڑھانے کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
سعودی ولی عہد کی 6 ماہ کے دوران وزیرِ اعظم پاکستان سے 5 ویں بار ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ، یہ حقیقی محبت اورباہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کو جوڑتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور دوطرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی، ترقی خوشحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کیلئے سعودی مفاہمتی یادداشتوں، معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد سے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات پراظہار تشکر کیا اور انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی اور کہا کہ، جلد دورہ پاکستان کا منتظر ہوں