بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی راکھی بہن اور اداکار پلکت سمرت کی سابقہ اہلیہ اداکارہ شویتا خوفناک ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئی ہیں ۔
اداکارہ نے اسپتال سے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس واقعہ کی تفصیلات بتائیں ۔ جس پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے ۔
اداکارہ شویتا کی جانب سے انسٹا گرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں اسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر میں ان کی ٹانگ پر پلستر، بازو پر پٹی اور ہونٹوں پر زخم واضح دکھائی دے رہے ہیں ۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اچانک ایک موٹر سائیکل نے انہیں ٹکر ماری ، جس کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کیلئے پیغام میں لکھا ، زندگی ہمیں توڑ کر مزید مضبوط بنانے کیلئے آزمائش میں ڈالتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اس مشکل وقت میں بھی صبر و استقامت کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔
واضح رہے کہ اداکارہ شویتا روہرا نے پلکت سمرات سے 2015 میں علیحدگی اختیار کی تھی جبکہ اداکار پلکت نے 2024 میں اداکارہ کرتی کھربندا سے دوسری شادی کی تھی۔