قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل، 7 فروری کو افتتاح ہوگا ، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے اور اس کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم پاکستان کریں گے۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے ستمبر میں قذافی اسٹیڈیم کو مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج اسٹیڈیم مکمل ہے۔ انہوں نے ایف ڈبلیو او کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کریں گے جبکہ 11 تاریخ کو وزیراعظم کراچی کے اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ میڈیا نے ان سے زیادہ اس اسٹیڈیم کے کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے چکر لگائے ہیں جس پر کسی نے مثبت تنقید بھی کی اور کسی نے منفی پروپیگنڈا بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو اس اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا اور اب آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کس مرحلے میں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی ایک تقریب رونمائی آئی سی سی کے اشتراک سے 16 فروری کو رکھی گئی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کے دوران اخراجات میں بہت اضافہ ہوا ہے، اسٹیڈیم میں ساؤنڈز سسٹم، لائٹس، ایل ای ڈیز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تمام پاسز آئی سی سی کو فروخت کر دیے ہیں جو ان کے لیے ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن انہوں نے اپنی مشکلات کو دور کرنے کے لیے یہ مشکل فیصلہ لیا تاکہ ریونیو حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہیں گے ۔تمام ممالک کے کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کے آفیشل کو دعوت نامے بھی ارسال کر دیے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں