پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں دھرنا ختم، دارالحکومت کی تمام شاہراہیں کھول دی گئیں

ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے رات گئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ” بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا”۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور کے منظرِ عام سے غائب ہونے کے بعد ،کارکنان بھی گھروں کو واپس لوٹنے لگے۔ واضح رہے کہ کل پی ٹی آئی کارکنان ڈی چوک پہنچ گئے تھے اور وہاں احتجاج کیا گیا تھا۔

پولیس کا گرینڈ آپریشن ، 400 سے زائد افراد گرفتار

اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کل رات اسلام آباد کی روشنیاں گل کر کے گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں حکومتی اہلکاروں کی جانب سےآنسو گیس پھینکی گئی اور کارکنان کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، آپریشن میں دونوں اطراف سے کئی لوگ زخمی ہوئے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران اسلام آباد میں 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں