پی سی بی کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملکی کرکٹ کے ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور کھلاڑیوں کی تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے تعمیراتی کام کے لیے باقاعدہ طور پر فرموں سے بولیاں طلب کر لی ہیں۔ اس حوالے سے عوامی اشتہار جاری کیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی منصوبے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ نئے کمرے تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے بلاکس کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جبکہ تربیتی سہولیات میں بھی نمایاں بہتری لائی جائے گی۔

علاوہ ازیں لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کو بھی جدید انداز میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پی سی بی گورننگ بورڈ نے ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول طرز کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے نہ صرف گراؤنڈ کا معیار بہتر ہوگا بلکہ مستقبل میں بڑے مقابلوں کی میزبانی میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کو ملکی کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر ماحول اور جدید سہولیات میسر آ سکیں گی

Author

اپنا تبصرہ لکھیں