فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہےکہ پاکستان نے اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔
عرب میڈیا نے حماس ترجمان خالد قدومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل نے جن فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے ان میں سے کچھ مصر بھی پہنچے ہیں۔
حماس ترجمان کے مطابق مصر کے علاوہ ترکیہ، الجزائر، ملائیشیا، پاکستان اور انڈونیشیا نے بھی رہائی پانے والے قیدیوں کی میزبانی پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ وہ اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی کرےگا ۔ حماس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بات پر ہم پاکستانی حکومت، عوام اور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان صرف بھائی نہیں بلکہ بڑا بھائی ہے جس کا ہمارے ساتھ روحانی تعلق ہے جو ہمیشہ القدس کی آزادی کیلئے ساتھ کھڑا ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی میزبانی کے حوالے سے تاحال باضابطہ طور پر کوئی تصدیق نہیں کی ہے ۔