افغان دہشتگرد کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت امریکا کے حوالے کیا گیا، پاکستان

پاکستان نے ایک بار پھر علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان، شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ، پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت دہشت گرد کمانڈر، شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق،وزیر اعظم شہباز شریف نے شریف اللہ کی گرفتاری پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ردعمل دیا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ، پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اس گرفتاری کو یقینی بنایا۔وزارت قانون اس بات کی وضاحت کر سکتی ہے کہ، کس قانون کے تحت شریف اللہ کو امریکا کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان نے بھارتی وزیر مملکت کے آزاد کشمیر کو واپس لینے سے متعلق بیان کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ، پاکستان، بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے اور ایسے بیانات علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ، بگرام ایئربیس کا مستقبل افغانستان اور امریکا کے درمیان ایک دوطرفہ معاملہ ہے۔پاکستان افغانستان سے بہتر ہمسائیگی پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہ افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں بنا رہے ہیں، جو کہ علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔طورخم بارڈر کی بندش افغان حکام کی غیر قانونی چیک پوسٹ بنانے کی کوشش کی وجہ سے ہوئی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں