معمول سے کم بارشیں، پاکستان کے تین صوبوں میں خشک سالی کاالرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے پاکستان کے تین صوبوں سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں خشک سالی کے خطرے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
پیر کے روز جاری کیے گئے اس الرٹ میں کہا گیا ہے کہ، سندھ، بلوچستان کے جنوبی علاقوں اور پنجاب کے مشرقی میدانی حصوں میں خشک سالی کی شدت برقرار رہے گی، حالانکہ حالیہ بارشوں سے ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں صورتحال میں کچھ بہتری آئی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ، مارچ 2025 کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، بعض علاقوں میں 200 دن سے بھی زیادہ عرصے سے مسلسل خشک موسم کا سامنا ہے، جو آئندہ مہینوں میں خشک سالی کی شدت میں مزید اضافے کا اشارہ دے رہا ہے۔
سندھ میں پڈعیدن، شہید بینظیر آباد، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ، خیرپور، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور کراچی میں معتدل جبکہ گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور اور سانگھڑ میں ہلکی خشک سالی متوقع ہے۔
بلوچستان میں گوادر، کیچ، لسبیلہ، پنجگور اور آواران میں معتدل جبکہ چاغی، جعفر آباد، جھل مگسی، سبی، نوشکی اور واشک میں ہلکی خشک سالی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب میں بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان خشک سالی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے نیشنل ڈراؤٹ مانیٹرنگ اینڈ ارلی وارننگ سینٹر (NDMC) کے مطابق، بارشوں میں کمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث آئندہ مہینوں میں اچانک اور شدید خشک سالی کا امکان ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں، درجہ حرارت میں اضافے اور تابکاری کے اثرات کی وجہ سے مزید بگڑ سکتی ہے۔
یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک ملک میں مجموعی طور پر بارش کی مقدار معمول سے 40 فیصد کم رہی، جن میں سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 52 فیصد، پنجاب میں 38 فیصد، خیبر پختونخوا میں 35 فیصد، آزاد کشمیر میں 29 فیصد اور گلگت بلتستان میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی شدید قلت ہے اور دریاؤں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک کم ہو چکا ہے۔ تربیلا ڈیم کی سطح 1402 فٹ، جبکہ منگلا ڈیم کی سطح 1061.75 فٹ ہے، جو دونوں ہی ڈیڈ لیول پر پہنچ چکے ہیں۔
نیشنل ڈراؤٹ مانیٹرنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، 15 سے 21 مارچ کے درمیان ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے 1 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے مٹی میں نمی کی مقدار مزید کم ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے پانی کی طلب میں اضافہ ہوگا، جس سے زرعی پیداوار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ پہلے سے دباؤ کے شکار آبی وسائل پر مزید بوجھ بڑھے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 24 سے 30 مارچ کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم 26 مارچ کو بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ، بالائی اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں