پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سعودی عرب پر حو-ثیوں کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھیں فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے 12 نومبر کو سلامتی کونسل میں یمن سے متعلق نئی قرارداد کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد 2837 منظور کرتے ہوئے یمن میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے افراد اور اداروں پر مالی پابندیوں اور سفری پابندیوں میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کر دی ہے۔ پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کی مدت بھی 15 دسمبر 2027 تک بڑھا دی گئی ہے۔ قرارداد میں حو-ثیوں کے سعودی عرب پر سرحد پار حملوں، یمن میں فوجی کارروائیوں اور تجارتی بحری جہازوں کو لاحق خطرات کی مذمت کی گئی ہے۔
قرارداد کے تحت حو-ثیوں کو ڈرونز اور میزائل بنانے میں استعمال ہونے والے آلات اور کیمیائی مواد کی فراہمی روکنے کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا ہے۔ حو-ثیوں کے خلاف اپریل 2015 میں عائد کی گئی اسلحے کی پابندی بدستور برقرار رہے گی۔ یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب کی توانائی اور ہوابازی کی تنصیبات پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی مندوب نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے برطانیہ کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یمن میں امن کو خطرے میں ڈالنے والے افراد اور گروہوں کا احتساب ضروری ہے۔ انھوں نے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں سیاسی مذاکرات ناگزیر ہیں۔
سید حیدر شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کی بحالی کے ساتھ انسانی مشکلات کم کرنے کی تمام کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک نے ستمبر 2025 میں دوطرفہ دفاعی معاہدہ بھی کیا تھا۔