بھارت کی پارلیمنٹ نے آن لائن جوا کھیلنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس نئے قانون کے تحت کارڈ گیمز، پوکر اور فینٹسی اسپورٹس سمیت تمام پیسے والے آن لائن کھیل اب غیر قانونی قرار دیے گئے ہیں۔
حکومت کے مطابق یہ کمپنیاں ہر سال چار سو پچاس ملین افراد سے تقریباً دو ارب تیس کروڑ ڈالر اینٹھ رہی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے کھیل لوگوں کو لت، مالی تباہی اور سماجی مسائل کی طرف دھکیل رہے تھے، جبکہ اس سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خدشات بھی جڑے ہیں۔
یہ قانون ایسے افراد کے لیے پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کرتا ہے جو آن لائن جوا کھیل کو فروغ دیں یا اس میں سرمایہ لگائیں۔
بھارت کی مشہور فینٹسی کرکٹ ایپ ڈریم 11، جو ٹیم انڈیا کی اسپانسر بھی ہے، نے اعلان کیا ہے کہ بل کی منظوری کے بعد اس کے کیش گیمز بند کر دیے گئے ہیں۔ تاہم باقی کھیل اس وقت تک چلتے رہیں گے جب تک صدر اس قانون پر باضابطہ دستخط نہیں کر دیتے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قانون ای اسپورٹس اور تعلیمی کھیلوں کو فروغ دے گا جو محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل معیشت کا حصہ ہیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس قانون سے ایک طرف سماج کو آن لائن جوا کھیل کے نقصانات سے بچایا جائے گا اور دوسری طرف صحت مند ڈیجیٹل گیمز کو حوصلہ ملے گا۔