بھارتی میوزک انڈسٹری میں اے آر رحمان شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور بکس آفس پر ریکارڈ قائم کرنے والی کئی بالی ووڈ فلموں کی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں اور انہیں بالی ووڈ کے مہنگا ترین موسیقار تصور کیا جاتا ہے لیکن ایک اور موسیقار بھی موجود ہیں جو ان سے بھی زیادہ مہنگے ہیں اور معاوضے کے اعتبار سے انہوں نے اے آر رحمان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔
بھارتی فلمی موسیقی کو یادگار بنانے والے چند نامور موسیقاروں میں سے ایک انیرودھ روی چندر بھی ہیں جنہوں نے انڈسٹری میں تہلکہ مچاتے ہوئے سب موسیقاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انیرودھ روی چندر صرف 33 سال کی عمر میں لیجنڈز اے آر رحمان، اریجیت سنگھ، پریتم اور دلجیت دوسانجھ جیسے بڑے ناموں کو بھی پیچھے چھوڑ کر بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار بن گئے ہیں ۔
مہنگے موسیقار انیرودھ نے کیریئر کی شروعات 2012 میں سپر ہٹ گانے ’وائے دس کولیوری دی‘ سے کی، جو فلم 3 کا حصہ تھا۔ یہ گانا وائرل ہوا اور بین الاقوامی سطح پر ہٹ ہوگیا ۔ یوٹیوب پر اس گانے کے 450 ملین سے زائد ویوز ہیں ۔
اس کے بعد بھی انیرودھ نے کئی سپر ہٹ فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ ان کی ترتیب دئیے گئے گانے ویجے، رجنی کانت، سمانتھا رُتھ پربھو اور شاہ رخ خان جیسے سپر اسٹارز پر فلمائے گئے۔
انیرودھ نے2023 میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم "جوان "کے ساتھ اپنا ڈیبیو کیا اور فیس کے لحاظ سے اے آر رحمان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ جہاں اے آر رحمان عموماً 7 سے 8 کروڑ روپے لیتے ہیں، وہیں انیرودھ نے "جوان "فلم کا میوزک ترتیب دینے کیلئے 10 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا۔
اس کے بعد2024 میں انیرودھ نے این ٹی راما راؤ جونیئر کی فلم دیورا اور تامل فلم جیلر اور لیو کیلئے بھی موسیقی ترتیب دی۔ ان کی فیس ہر پراجیکٹ کیلئے 8 کروڑ روپے ہے، جسکے نتیجے میں وہ بھارتی میوزک انڈسٹری کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار بن گئے ہیں ۔