اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس، ایران کا توانائی کی فراہمی محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ علاقائی نظام قائم کرنے کا مطالبہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے میں توانائی کی مسلسل اور محفوظ فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور پائیدار علاقائی نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ پیر 16 نومبر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کی وزارتی کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خطے کو آزاد سکیورٹی نظام کے ساتھ ایسے توانائی کے انتظامات بھی درکار ہیں جو بیرونی دباؤ، جنگوں اور عالمی کشیدگی کے اثرات کم کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس-رائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث آبنائے ہرمز اور باب المندب جیسے اہم سمندری راستوں سے ایندھن کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کو محض بات چیت کے پلیٹ فارم تک محدود رکھنے کے بجائے عملی تعاون کا مؤثر ادارہ بنانا ہوگا۔ انھوں نے رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے ایک جدید اور جامع تجارتی معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امریکا پر جارحیت، اقتصادی دباؤ اور بحری ناکہ بندی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تہران سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کا حامی ہے۔ ان کے مطابق ایران کے دفاعی اقدامات صرف حملہ آوروں کے فوجی اڈوں اور اہداف کے خلاف ہیں، پڑوسی ممالک کے عوام یا حکومتوں کے خلاف نہیں۔ انھوں نے فل-سطین کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی۔

اجلاس کی صدارت کرنے والے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، مستحکم اور خوش حال افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم علاقائی تعاون میں حقیقی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے سکیورٹی خدشات، خصوصاً د-ہشت گردی کے خطرے، کا مؤثر حل نکالنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی تجارت اور اقتصادی ترقی کے لیے ممالک کے درمیان اعتماد، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور امن و استحکام ضروری ہیں۔ اسحاق ڈار نے ایران کے خلاف جاری جنگ سے متعلق پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم میں پاکستان کی 2026 اور 2027 کی صدارت کے دوران پانچ ترجیحات پیش کیں، جن میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ، علاقائی رابطوں کی بہتری، ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کے لیے تعاون اور تعلیم و ہنرمندی کا فروغ شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے والے تجارتی راستوں کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سرحدی انتظامات، کسٹمز کے طریقۂ کار اور سامان کی ترسیل میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اسلام آباد میں جاری اجلاس میں ایران، تاجکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ سمیت آذربائیجان، ترکیہ، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان کے اعلیٰ نمائندے شریک ہیں۔ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ اور اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان بھی اجلاس میں موجود ہیں، جبکہ دفتر خارجہ کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق افغانستان کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں۔ اس سے قبل 15 نومبر کو پاکستان کے سیکریٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی صدارت میں اعلیٰ حکام کے اجلاس میں وزارتی اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیہ تیار کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں