معروف بھارتی گلوکارہ کلپنا راگویندر نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق، 44 سالہ کلپنا راگویندر نے نیند آور گولیوں کی زیادہ مقدار لے کر اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ ان کے گھر میں مسلسل دو دن تک غیر معمولی خاموشی رہی، جس پر سیکیورٹی عملے اور پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو دروازہ زبردستی کھولا، جہاں گلوکارہ کو بے ہوش پایا گیا۔ فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت نازک قرار دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کلپنا کے شوہر چنئی سے حیدرآباد پہنچ گئے۔ پولیس نے خودکشی کے اسباب جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے اور گلوکارہ کے شوہر سے بھی ابتدائی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
کلپنا راگویندر جنوبی بھارت کی مشہور گلوکارہ اور نامور گلوکار ٹی ایس راگویندر کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے صرف 5 سال کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا اور اب تک 1500 سے زائد گانے ریکارڈ کروا چکی ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر 3000 سے زیادہ کنسرٹس ہیں، جو نہ صرف بھارت بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منعقد کیے گئے۔
کلپنا نے مشہور موسیقار الائیاراجا اور اے آر رحمان کے ساتھ بھی کام کیا اور کئی بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے۔
کلپنا راگویندر کی تشویشناک حالت کے باعث ان کے مداح شدید پریشانی کا شکار ہیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ پولیس تحقیقات کے بعد ہی اس واقعے کی وجوہات سامنے آ سکیں گی۔