موسم خزاں-سرما میں، ازبکستان کے صارفین کو 21 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کرنے کا منصوبہ

ازبکستان کے وزارت توانائی نے سردی کی شدید لہر کے دوران گھریلو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے توانائی کے وسائل کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں قدرتی گیس کا روزانہ استعمال 20 فیصد اور بجلی کا استعمال 15 فیصد بڑھ گیا ہے۔

وزارت توانائی نے سرد موسم  میں ممکنہ خرابیوں سے نمٹنے کے لیے 1600 سے زائد چوبیس گھنٹے کام کرنے والی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ان ٹیموں کو ضروری نقل و حمل اور اضافی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو 877 گاڑیاں اور 450 خصوصی آلات فراہم کیے گئے، جبکہ گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو 220 گاڑیاں، 259 خصوصی آلات اور 567 ویلڈنگ مشینیں دی گئی ہیں۔

گھریلو صارفین اور سماجی اداروں کو بجلی فراہم کرنے والی تنصیبات کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر فعال کر دیا گیا ہے، کام کی انجام دہی پر مستقل نگرانی رکھی گئی ہے اور ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کا دورانیہ گزشتہ سال کے 3-3.5 گھنٹوں سے کم کر کے 1-1.5 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔

وزیر توانائی زھورابیک مرزامخمودوف کا کہنا تھا کہ، “گزشتہ برسوں کے برعکس، جب صلاحیت کی کمی کی وجہ سے لازمی پابندیاں عائد کی گئیں، اس سال نئی صلاحیتوں کے آغاز کے باعث پابندیوں سے گریز کیا جائے گا”۔

قدرتی گیس کی طلب میں زبردست اضافے کی وجہ سے گیس پائپ لائنز میں دباؤ کم ہو گیا ہے، حالانکہ گیس ترسیلی نظام زیادہ سے زیادہ گنجائش پر کام کر رہا ہے، جس میں زیر زمین ذخائر سے روزانہ زیادہ سے زیادہ گیس نکالنا اور نیٹ ورک کو فراہم کرنا شامل ہے۔

وزارت توانائی نے رہائشی عمارتوں اور سماجی اداروں، جیسے طبی ادارے، اسکول، پری اسکول، یونیورسٹیاں وغیرہ، کو گیس فراہم کرنا اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ اس لیے میئر دفاتر کے ساتھ مل کر ایسے شیڈول تیار کیے گئے ہیں جن کے مطابق کچھ زیادہ کھپت والے صوبوں میں گیس بھرنے کے اسٹیشنز کی عارضی پابندیاں متعارف کروانے کا منصوبہ ہے۔

وزارت توانائی  نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ “اولین اقدامات کو مناسب انداز میں اپنائیں” اور ان سے اپیل کی کہ، برقی آلات اور ہیٹنگ ڈیوائسز کے ساتھ اضافی احتیاط برتیں، ممکنہ حد تک توانائی کے وسائل ضائع نہ کریں، غیر معیاری اور زیادہ توانائی خرچ کرنے والے آلات استعمال نہ کریں، استعمال نہ ہونے والے آلات کو نیٹ ورک سے منقطع کریں اور کاربن مونو آکسائیڈ سے بچاؤ کے لیے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

خزاں-سرما کے موسم میں ازبکستان کے صارفین کو 21 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ سردی کی شدید لہر کے لیے ایک عملی منصوبہ اور سماجی اداروں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے اقدامات تیار کیے گئے ہیں۔ صوبوں کو گیس بچانے کے اقدامات نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ،  خزاں-سرما کے موسم کے لیے ایک بنیادی اور بدترین صورت حال کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ نازک لمحات میں، جب درجہ حرارت  منفی 20  ڈگری تک ہو، بڑے صارفین اور گیس اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی محدود کی جائے گی، ایندھن کے تیل کا استعمال بڑھایا جائے گا اور بڑے اداروں کو توانائی کی فراہمی محدود کی جائے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں