ڈنمارک کی 21 سالہ وکٹوریا کیجر تھیلوگ کو مس یونیورس 2024 کا تاج پہنا دیا گیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی ڈنمارک کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
مقابلے کی میزبانی اور تنقید
یہ مقابلہ میکسیکو سٹی میں منعقد ہوا اور یہ پانچواں موقع تھا جب میکسیکو نے اس مقابلے کی میزبانی کی۔ اس مقابلے پر اکثر قدیم تصورات کو فروغ دینے کے حوالے سے تنقید کی جاتی رہی ہے۔
دیگر نمایاں حریف
مس یونیورس کے 73ویں ایڈیشن میں 120 سے زائد حریفوں کو شکست دے کر وکٹوریا نے کامیابی حاصل کی۔ مقابلے میں پہلی رنر اپ نائیجیریا کی چڈیما آڈیٹشینا تھیں، جو کہ قانون کی طالبہ ہیں۔ دوسری رنر اپ میکسیکو کی ماریا فرنانڈا بلتران، تھائی لینڈ کی سچاتا چوانگسری اور وینزویلا کی ایلیانا مارکویز تھیں۔ ایلیانا نے اس سے قبل مس وینزویلا کا تاج حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کی تھی کیونکہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ماں تھیں۔
گزشہ مقابلے
گزشتہ سال کے مقابلے میں شادی شدہ، پلس سائز اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کی شمولیت کے بعد، اس سال کے مقابلے میں 28 سال سے زائد عمر کی خواتین بھی شامل تھیں، جو پہلے ممنوع تھیں۔ ان میں مالٹا کی 40 سالہ بیٹریس نجویا بھی شامل تھیں، جو فائنل میں پہنچنے والی سب سے عمر رسیدہ خاتون تھیں۔
چڈیما آڈیٹشینا پہلے مس جنوبی افریقہ کے فائنلسٹ تھیں، مگر شہریت کے تنازعے کے باعث انہیں نائیجیریا کی نمائندگی کرنا پڑی۔
مقابلے میں نئے اقدامات
اس مقابلے نے حالیہ برسوں میں اپنے برانڈ کو دوبارہ تشکیل دینے کی کوشش کی ہے۔ اسے تھائی میڈیا مگول اور ٹرانس جینڈر حقوق کی حامی این جکاپونگ جکراجتپ کی سربراہی میں جے-کے-این گلوبل گروپ نے خریدا تھا۔ جنوری میں،میکسیکو کی لیگیسی ہولڈنگ نے مس یونیورس میں 50 فیصد حصص حاصل کیے۔
اس نئے انتظام کے تحت، مس یونیورس نے مقابلے میں تنوع اور شمولیت کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے تاکہ اسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے۔