وزیراعظم شہباز شریف نے دوران ملازمت وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو دی جانے والی نوکری کی سہولت ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کے تحت اب کسی بھی سرکاری ملازم کے انتقال کے بعد اس کے بچوں کو ملازمت فراہم نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اس پالیسی میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جواز بنایا اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ، اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تاہم، سروس کے دوران وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو دیگر تمام مراعات اور فوائد بدستور فراہم کیے جائیں گے۔
اس فیصلے سے شہداء اور دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے سرکاری ملازمین کے خاندان متاثر نہیں ہوں گے، جبکہ پہلے سے تعینات کیے گئے افراد کی نوکریاں بھی برقرار رہیں گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس ضمن میں تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور صوبائی حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ، وہ اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔