چین کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان، یو ژیاؤیونگ نے کابل میں افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور چین کی جانب سے افغانستان کو جاری سیاسی اور معاشی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ضیاء احمد تکال کے مطابق، امیر خان متقی نے چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ افغانستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
یو ژیاؤیونگ نے کہا کہ چین اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی بنیاد پر افغانستان کی سیاسی و معاشی مدد جاری رکھے گا۔ ملاقات میں علاقائی تعاون اور افغانستان کی تعمیر نو و استحکام کے لیے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
طلوع نیوز کے مطابق چینی نمائندے کی افغان حکام سے ملاقاتیں دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور چین کی مستقل حمایت کا ثبوت ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، چین نہ صرف عبوری افغان حکومت سے مضبوط تعلقات قائم کر رہا ہے، بلکہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے بھی کردار ادا کر رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں چین نے پاکستان، افغانستان اور خود اپنے درمیان سہ فریقی معاشی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے، جس پر بھارت کی جانب سے ناپسندیدگی ظاہر کی گئی ہے۔
افغانستان کے لیے چین کا بڑھتا ہوا تعاون، ملک میں استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔